کراچی (لارڈ میڈیا): مقامی بینکنگ انڈسٹری نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں نجی شعبے کو 1800 ارب روپے مالیت کے قرضے جاری کیے ہیں۔ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چئیرمین ظفر مسعود نے بینکنگ سمٹ 2026 کے حوالے سے پریس کانفرنس میں یہ معلومات دیں۔
ظفر مسعود نے بتایا کہ 7 اور 8 جولائی کو کراچی میں منعقد ہونے والی بینکنگ سمٹ میں وفاقی وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری بینکوں کی ڈیبٹ ری اسٹرکچرنگ کے سبب ممکن ہوئی ہے۔
مسعود نے مزید بتایا کہ سمٹ کا مقصد بینکنگ سیکٹر کی بہتری پر گفتگو کرنا ہے۔ سمٹ میں اکیڈیمیہ، انڈسٹری اور حکومت کی شمولیت اہم ہوگی اور ملکی ترقی میں ان کی باہمی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔
سیکریٹری پاکستان بینکس ایسوسی ایشن منیر کمال نے کہا کہ اس سال کی سمٹ میں امریکا، سنگاپور، بحرین، یو اے ای، ملائیشیا، سعودی عرب اور بیلجیئم سے 14 ماہرین شرکت کریں گے۔ زراعت سے لے کر کاروباروں کو قرض دینے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان بینکنگ سمٹ 2026 عاطف باجوہ نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر حکومتی شراکت داری سے مستحکم کارکردگی دکھا رہا ہے۔ بینکوں کے منافع میں 60 فیصد حصہ حکومت کو ٹیکسوں کی مد میں جاتا ہے۔


