کراچی (لارڈ میڈیا): اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 65 لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد کی ہیں۔ اے این ایف کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کارروائی میں فیڈرل بی ایریا میں کورئیر آفس سے بحرین جانے والے پارسل میں بچوں کے ملبوسات سے 4 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ صدر کے علاقے میں ایک اور کورئیر آفس سے بھی بحرین بھیجے جانے والے پارسل میں مردانہ کپڑوں میں چھپائی گئی 6.350 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
لاہور میں کارروائیوں کے دوران کینال روڈ پر رکشے میں سوار ملزمان سے 4.8 کلوگرام چرس جبکہ میکلورڈ روڈ پر ایک خاتون کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس اور 2.4 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔
پشاور کے قریب کسٹم چوک سے 5 کلوگرام چرس، بکھر روڈ جھنگ کے قریب گاڑی سے 5 کلوگرام آئس اور شیرشاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب گاڑی سے 14.400 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ تمام کارروائیوں کے تحت انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


