کوئٹہ (لارڈ میڈیا) بلوچستان کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبا کو جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم بلوچستان نے اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق جسمانی سزا کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں طلبا پر تشدد یا جسمانی سزا برداشت نہیں کی جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ عرصے میں بعض تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جو بچوں کے بنیادی حقوق اور تعلیمی ماحول کے منافی ہیں۔ محکمہ تعلیم نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ طلبا کے لیے محفوظ، باعزت اور مثبت تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس فیصلے کا مقصد طلبا کے حقوق کا تحفظ، ذہنی و جسمانی صحت کا خیال رکھنا اور تعلیمی اداروں میں اصلاحی و تربیتی نظام کو فروغ دینا ہے۔


