تہران (لارڈ میڈیا): چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے تہران پہنچے ہیں۔ تہران آمد پر ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ ایران کے وزیر دفاع اور اعلیٰ سول و ملٹری حکام بھی موجود تھے۔
عباس عراقچی سے ملاقات سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی وزیر دفاع سید مجید ابن رضا اور دیگر اعلیٰ فوجی و سول قیادت سے ملاقات ہوئی جس دوران انہوں نے شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی میت گرینڈ مصلیٰ میں رکھی گئی ہے، جہاں 100 سے زائد ممالک کے وفود مرحوم کی آخری رسومات میں شرکت کر رہے ہیں۔
نماز جنازہ کے اجتماعات 4 سے 6 جولائی تک تہران میں اور 7 جولائی کو قم میں ہوں گے جبکہ 8 جولائی کو جسد خاکی عراق لے جایا جائے گا۔ پھر میت واپس ایران لا کر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
جلوس جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی جبکہ 8 جولائی کو یوم سوگ منایا جائے گا۔


