ہومUncategorizedپی ٹی آئی کو انتخابات میں حصہ لینا چاہیے، رانا ثنا اللہ

پی ٹی آئی کو انتخابات میں حصہ لینا چاہیے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا کوئی اثر نہیں ہوگا کیونکہ انتخابات آئین کے مطابق ہوں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام انتخابات کے حوالے سے پرجوش ہیں اور ہر حلقے میں امیدواروں کی تعداد ڈبل فیگر میں ہے، جو انتخابی سرگرمیوں کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بائیکاٹ کرنے والوں کے پاس انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار نہیں، اس لیے ان کے فیصلے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔ ان کے بقول جمہوریت میں تمام اختلافات کے باوجود انتخابات میں حصہ لینا ہی درست راستہ ہے۔

رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جو نامناسب اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی عوامی حمایت کم ہورہی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ مضبوط رشتہ رکھتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ رابطے اور بات چیت جاری رہتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف تین مرتبہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، لیکن بانی پی ٹی آئی سیاسی بات چیت پر یقین نہیں رکھتے۔

انہوں نے زور دیا کہ قومی مسائل کا حل مذاکرات، سیاسی برداشت اور جمہوری عمل میں ہی پوشیدہ ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو مکالمے اور انتخابی سیاست کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں