تہران (لارڈ میڈیا): روس کی سلامتی کونسل کے سربراہ دیمتری میدودیف نے کہا ہے کہ امریکا کے خلاف جدوجہد میں ایرانی قوم فاتح بن کر ابھرے گی۔ دیمتری میدودیف اعلی سطحی روسی وفد کی قیادت کر رہے ہیں جو ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی تدفین میں شرکت کے لیے تہران میں موجود ہے۔
تعزیتی تقریب میں شرکت کے بعد میدودیف نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر روس بھی ایرانی قوم کے دکھ میں شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے ایرانی قوم کو متحد کردیا ہے اور وہ امریکا یا کسی بھی دوسرے ملک کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔
واضح رہے کہ اس دورے میں روسی وفد نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی ہے۔ صدر مسعود نے تہران اور ماسکو کے درمیان اسٹریٹیجک معاہدوں پر جلد عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خاص کر معاشی، تجارتی، توانائی اور ٹرانزٹ سیکٹر میں کیے گئے معاہدوں پر تیزی سے عمل ہونا چاہیے۔


