کراچی (لارڈ میڈیا): بھارتی جیل میں انتقال کرنے والے پاکستانی ماہی گیر اسماعیل کی میت ضروری سفارتی اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پاکستان پہنچا دی گئی۔ ایدھی فاؤنڈیشن نے میت کو لاہور سے کراچی منتقل کرکے ورثا کے حوالے کر دیا۔
اسماعیل، جو کہ 75 سال کے تھے، 2021 سے بھارتی جیل میں قید تھے جہاں ان کا انتقال ہوا۔ بھارتی حکام نے سفارتی و قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت پاکستان روانہ کی۔
میت کو پہلے لاہور پہنچایا گیا، جہاں سے ہوائی جہاز کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے میت وصول کی اور ایمبولینس کے ذریعے اسے کیماڑی، بدر گراؤنڈ میں واقع ان کے گھر منتقل کر دیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر میت کی واپسی اور منتقلی کے انتظامات کیے تاکہ تدفین اہل خانہ کی موجودگی میں انجام دی جا سکے۔


