شیخوپورہ (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، لیکن اس سے پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پر حملے کے بعد سعودی حکومت نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور قطر کا کردار بھی مثبت رہا۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے متوازن سفارت کاری پر عمل پیرا ہے۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین اہم غیر ملکی دوروں میں سے ایک ثابت ہوا، جس سے چین کے ساتھ زراعت، تحقیق، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ زرعی مصنوعات کی تجارت اور برآمدات بڑھانے کیلئے بھی پیشرفت جاری ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار، ہنر مندی اور بلاسود قرضوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جس سے صنعتوں کے فروغ سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لئے ہمیشہ تیار ہے اور 9 مئی جیسے واقعات قابل قبول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حالات سازگار رہے تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی توقع ہے۔ رانا تنویر حسین نے اپوزیشن کی مثبت زبان اور رویے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے حالیہ سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔


