اسلام آباد: صدر آصف زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو امید، استقامت، جمہوریت ،انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا پیکر تھیں،بحیثیت قوم ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کیلئے شہید بی بی کے وژن سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے،مرحومہ کا نظریہ ہمیں متحد، ہمہ گیر و انصاف پر مبنی پاکستان کی تعمیر کیلئے اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کا درس دیتا ہے۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے17 ویں یوم شہادت پر جاری بیان میں صدر آصف زرداری نے مرحومہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید بی بی کی شخصیت امید، استقامت، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا پیکر تھی۔
انہوںنے کہا کہ شہید بی بی ہم سب کیلئے مشعل راہ تھیں، انہوں نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور عوام کی طاقت راج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، یہ الفاظ استبداد اور آمریت کا منہ توڑ جواب ہی نہ تھے بلکہ عوامی طاقت پر ان کے گہرے اعتماد کے عکاس بھی تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو ایک ایسے پاکستان کی خواہاں تھیں جہاں ہر بچے کو تعلیم تک رسائی حاصل ہو ، جہاں خواتین برابری کی بنیاد پر ترقی کر سکیں اور جہاں انصاف ایک آسائش نہیں بلکہ حق ہو۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنی تمام زندگی معاشرے کے پسے ہوئے طبقات اور خواتین کی خودمختاری کیلئے آواز بلند کرنے اور کام کرنے میں صرف کی،ان کی زندگی بے پناہ جرات کا سفر اور ہمارے لئے تحریک اور ہمت کا باعث تھی، وہ مشکلات اور ظلم و ستم کے باوجود وہ جمہوریت کی بحالی ،استحکام اور عوام کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کے تحفظ کیلئے آمریتوں کے خلاف ڈٹی رہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہید بینظیر نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ناانصافی اور ظلم کے خلاف جنگ میری زندگی کی جنگ ہے، اس مقصد کیلئے وہ زندگی بھر لڑیں اور شہادت پائی اور آج بھی لاکھوں لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کا پختہ یقین تھا کہ ایک انسان کو قید کیا جا سکتا ہے مگر ایک نظریئے کو نہیں، ایک انسان کو جلاوطن کیا جا سکتا ہے مگر ایک نظریے کو نہیں، ایک انسان کو قتل کیا جا سکتا ہے مگر ایک نظریئے کو نہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بطور صدرِپاکستان میں شہید بے نظیر بھٹو کے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کا نظریہ آج بھی زندہ ہے اور ہمیں ایک متحد، ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی پاکستان کی تعمیر کیلئے اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کا درس دیتا ہے، لہٰذا آئیے ہم بینظیر بھٹو شہید کا نہ صرف یوم شہادت منائیں بلکہ ان کی پائیدار میراث کی پیروی کرنے کا عہد کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ہمارے خاندان نے جمہوریت اور پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ میرا پختہ یقین ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کیلئے ان کے وژن سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے شہید بے نظیر بھٹو کے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے خواب کی تکمیل کیلئے مل کر کام کریں۔