لزبن (لارڈ میڈیا): پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی آئندہ میچ میں شمولیت پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ ٹیم کے کوچ روبرٹو مارٹینز نے ازبکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل اس سوال پر خاموشی اختیار کی، جس سے قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں۔
پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوچ مارٹینز نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک ابتدائی گیارہ کھلاڑیوں کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب رونالڈو کانگو کے خلاف میچ میں گول کرنے میں ناکام رہے تھے، جو 1-1 سے برابر رہا۔
میچ کے دوران رونالڈو کے چند مواقع ضائع کرنے پر سوشل میڈیا اور ماہرین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعض مبصرین نے سوال اٹھایا کہ انہیں دوسرے ہاف میں کیوں تبدیل نہیں کیا گیا۔
ہیڈ کوچ مارٹینز نے تنقید کو معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بڑے ٹورنامنٹس کا حصہ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس ٹیم پر ہے اور ٹیم متحد ہے۔
رونالڈو نے میچ کے بعد میڈیا سے بات نہیں کی، لیکن سوشل میڈیا پر پوسٹس کرکے کہا کہ یہ وہ آغاز نہیں تھا جو ہم چاہتے تھے، مگر اگلے میچ پر توجہ دیں۔
رونالڈو اس ٹورنامنٹ میں لیونل میسی کے ساتھ ریکارڈ چھ ورلڈ کپ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ کوچ مارٹینز نے کہا کہ رونالڈو اب بھی ٹیم کے لیے اہم ہیں اور فائنل تھرڈ میں مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔


