نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بھارت کی بڑی کمپنی ٹاٹا الیکٹرانکس پر سائبر حملے کے نتیجے میں آئی فون اور ٹیسلا کے اہم راز چوری ہو گئے ہیں۔ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ ہیکر گروپ ‘ورلڈ لیکس’ نے دو لاکھ سے زائد خفیہ فائلوں کو ڈارک ویب پر لیک کیا ہے۔ یہ کمپنیاں ٹاٹا سے پرزے بنواتی ہیں۔
ٹاٹا الیکٹرانکس نے بتایا کہ سائبر حملے کی نشاندہی کرتے ہی کمپنی نے فوری اقدامات کیے اور اس واقعہ سے کاروبار متاثر نہیں ہوا۔ تاہم، ہیکرز نے ڈیٹا واپس کرنے کے بدلے تاوان کا مطالبہ کیا ہے جس پر کمپنی نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چوری شدہ فائلوں میں ایپل اور ٹیسلا کے سرکٹ بورڈز کے ڈیزائن، ملازمین کی ای میلز اور دیگر حساس معلومات شامل ہیں۔ ایپل نے اس چوری کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ حملہ ایپل کے لیے بڑا جھٹکا ہے کیونکہ ٹاٹا کمپنی چین سے باہر ایپل کی اہم پارٹنر بن کر ابھر رہی ہے۔ ہیکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ لیک شدہ ڈیٹا ٹاٹا الیکٹرانکس کا ہی ہے۔


