لندن (لارڈ میڈیا): لارڈز سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کی میزبانی واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان لارڈز پچ کی رپورٹ کے بعد ڈبلیو ٹی سی فائنل کی میزبانی بھی خدشات کا شکار ہوگئی ہے۔ آئی سی سی نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان لارڈز ٹیسٹ کی پچ کو غیر مطمئن ریٹنگ دی تھی اور ڈبلیو ٹی سی فائنل کی میزبانی لارڈز کے بجائے اوول کو دی جا سکتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم آئی سی سی نے 2031ء تک ڈبلیو ٹی سی فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کو دے رکھی ہے۔ ڈبلیو ٹی سی فائنل کی میزبانی واپس لینے کے باوجود لارڈز دو ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرے گا، ای سی بی کے ساتھ معاہدے کے مطابق لارڈز کو 2 ٹیسٹ میچز کی میزبانی ملنا لازمی ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستان کا انگلینڈ کے ساتھ شیڈول واحد ٹیسٹ میچ لارڈز میں کھیلا جا سکتا ہے۔


