نئی دہلی (لارڈ میڈیا): نئی دہلی کی عدالت نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو فلم کالا ہرن کیس میں فوری ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی۔ جسٹس مادھو جین کی سربراہی میں سلمان خان کی فلم کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سلمان خان کے وکیل سینئر ایڈووکیٹ سندیپ سیٹھی نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ فلم ان کی زندگی پر مبنی ہے اور بغیر اجازت ان کی عوامی شناخت کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ فلم سازوں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں مقدمہ کی مکمل دستاویزات نہیں ملی ہیں اور پروڈکشن ٹیم کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ عدالت نے اداکار کی قانونی ٹیم کو مقدمہ کی مکمل دستاویزات فلم سازوں کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔


