لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کرک انفو کے مطابق، وہ کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کے اہل ہوں گے جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ میں کم از کم 4 ٹیسٹ، 6 ون ڈے یا 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہوں۔
نئے نظام کے تحت کھلاڑیوں کو مختلف ٹریکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹریک اے میں شامل ٹاپ ٹیسٹ اسپیشلسٹ کو ماہانہ 40 لاکھ روپے، جبکہ ٹریک اے بی میں ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کے ٹاپ پلیئرز کو ماہانہ 48 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
ٹریک بی سی میں وائٹ بال اسپیشلسٹ کے ٹاپ کھلاڑیوں کو ماہانہ 34 لاکھ روپے اور ٹریک سی میں شامل ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کو ماہانہ 26 لاکھ روپے ملیں گے۔ ٹریک سی کے کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی۔
ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے ٹریک ڈی میں خصوصی گنجائش رکھی گئی ہے، جس کے تحت انہیں ماہانہ 10 لاکھ روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
میچ فیس کے نئے نرخ بھی مقرر کیے گئے ہیں، جن میں ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے انٹرنیشنل کی فیس 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کی فیس 5 لاکھ روپے ہوگی۔


