لاہور (لارڈ میڈیا): گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تقریبات اختتام پذیر ہونے کے بعد بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کی سہولت کے لیے واہگہ بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ امیگریشن اور سفری مراحل آسانی سے مکمل ہو سکیں۔
واپسی کے موقع پر صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے واہگہ چیک پوسٹ پر سکھ یاتریوں کو الوداع کہا۔ اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق بھی موجود تھے۔ بورڈ کی جانب سے یاتریوں کو میڈیکل سہولیات اور کرنسی ایکسچینج سمیت دیگر ضروری انتظامات فراہم کیے گئے۔
سکھ یاتریوں نے پاکستان میں قیام کے دوران ملنے والی سہولیات اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے فراہم کی گئی سہولیات پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔


