لاہور (لارڈ میڈیا): عالمی شہرت یافتہ گلوکار ابرار الحق نے الزام عائد کیا ہے کہ بالی وڈ نے ان کے معروف گانے ‘نچ پنجابن’ کو جعلی دستاویزات بنا کر چوری کیا ہے۔ ابرار الحق نے یہ بات جیو پوڈکاسٹ میں میزبان مبشر ہاشمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ابرار الحق کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنا گانا ‘نچ پنجابن’ بالی وڈ کو نہیں بیچا اور جب انہوں نے اس حوالے سے سوال کیا تو بالی وڈ نے دلچسپ جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ میں اپنے دوست ہارون سے پوچھوں، لیکن میں نے انہیں واضح کیا کہ گانا ہارون کو نہیں دیا، یہ میری ملکیت ہے۔
ابرار الحق نے انکشاف کیا کہ ان کے جعلی دستخط کے ساتھ جعلی دستاویزات تیار کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بالی وڈ نے متعدد آرٹسٹ کے ساتھ یہی کیا ہے اور بات کو توڑ موڑ کر پیش کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔
جب میزبان نے پوچھا کہ کیا کرن جوہر کی فلم میں ‘نچ پنجابن’ گانے کی اجازت لی گئی؟ تو ابرار الحق نے کہا کہ ان سے اجازت نہیں لی گئی اور پوری فلم ایک گانے پر مبنی کرکے بیچی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس زیادتی کے خلاف انہوں نے کیس دائر کر رکھا ہے۔


