مقبوضہ مغربی کنارے (لارڈ میڈیا): مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں کی کارروائیوں میں شدت آگئی ہے، جہاں مبینہ طور پر مساجد کو آگ لگا دی گئی اور فلسطینیوں پر حملے کیے گئے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق مختلف علاقوں میں چھاپوں، گرفتاریوں اور آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ قلقیلیہ، نابلس، بیت اکسا، بیت قد اور بیت تعمیر سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے کم از کم 6 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے مغربی کنارے کے دیہات جلجلیہ اور المزرعہ النوبانی میں واقع مساجد کو آگ لگا دی۔ نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، تاہم مقامی افراد نے اسے مذہبی مقامات پر حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
بیتا کے علاقے میں آبادکاروں نے فلسطینی شہریوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی مراکز منتقل کر دیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے مسلسل دوسرے روز جنین کے وسطی علاقوں میں بلڈوزر کارروائیاں جاری رکھیں، جس سے زرعی اراضی اور نجی املاک متاثر ہو رہی ہیں۔ بیت اللحم کے مشرق میں ایک نیا فوجی چیک پوسٹ قائم کر دیا گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
اسرائیلی آبادکاروں نے بورین اور بیتا کے دیہات میں فلسطینیوں کے گھروں، گاڑیوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا۔ مقامی رہنماؤں نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے، کہ ایسے واقعات خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں اور فوجی کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی اور املاک خطرے میں ہیں۔


