اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ اسد قیصر کے گھر آئی ایس آئی افسران کی موجودگی میں قوانین کی نوک پلک درست کی جاتی تھی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جہاں بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچ بول کر اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق اسپیکر اسد قیصر کے گھر جنرل فیض کے بھیجے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کیے جاتے تھے اور قوانین میں ترامیم کی جاتی تھیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اب ان لوگوں کو ہمیں طعنہ دینے کا حق نہیں۔


