پیرس (لارڈ میڈیا): فرانس اور اسپین کے درمیان دریائے بیڈاسوا میں واقع فیزنٹ آئی لینڈ ایک منفرد تاریخی مقام ہے جہاں ہر 6 ماہ بعد حکومت کی منتقلی ہوتی ہے۔ 1659 سے جاری اس معاہدے کے تحت جزیرہ 6 ماہ اسپین اور 6 ماہ فرانس کے زیر انتظام رہتا ہے۔ یہ معاہدہ، جسے Pyrenees ٹریٹی کہا جاتا ہے، نے دونوں ممالک کے درمیان طویل تنازع ختم کرکے امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس معاہدے کے تحت، دونوں ممالک کے رہنماؤں نے جزیرے کو غیر جانبدار مقام قرار دیا جہاں فرانس کے بادشاہ کی اسپین کی شہزادی سے شادی بھی ہوئی۔ جزیرہ عام عوام کے لیے بند ہے اور صرف سرکاری عہدیداران کو ہی وہاں جانے کی اجازت ہے۔ البتہ، اسپین کے علاقے ایئرون یا فرانس کے علاقے ہینڈائے سے دریا کے درمیان اس جزیرے کو دیکھا جا سکتا ہے۔


