اسلام آباد (لارڈ میڈیا): مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے آزاد کشمیر کی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان سے اپنا نظریاتی اور فکری رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پر امن رہیں اور دھرنوں کو ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں۔
نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اور سینئر قیادت نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن مسئلہ کشمیر پر واضح مؤقف رکھتی ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یو این قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔
اجلاس کے دوران نواز شریف نے کہا کہ ملک ہم سب کا ہے، عوامی حقوق کے لیے آئین کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کرنی چاہیے۔ ن لیگ تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے عوام، حکومت اور پاکستانی حکومت تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر امن کی بحالی کے لیے کردار ادا کریں گے۔ نواز شریف نے موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور دفاعی اداروں کی کامیابیوں کو سراہا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی انتخابی مہم بہتر انداز میں چلانے پر انجینئر امیر مقام کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔


