مکہ مکرمہ (لارڈ میڈیا): سعودی عرب میں نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ ہی مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ کسوہ فیکٹری سے غلاف کعبہ کو مسجد الحرام منتقل کیا گیا۔ تقریب میں کسوہ فیکٹری کے 250 ماہرین اور حرمین انتظامیہ کے کارکنان نے شرکت کی، جبکہ تبدیلی کا عمل تقریباً 4 گھنٹوں میں مکمل کیا گیا۔
غلاف کعبہ کی تبدیلی کی یہ سالانہ تقریب 2022 سے نئے اسلامی سال کے پہلے دن منعقد ہو رہی ہے۔ اس سے قبل یہ تبدیلی حج کے دوران 9 ذی الحجہ کی صبح کو کی جاتی تھی، جب مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد کم ہوتی تھی۔
غلاف کعبہ کی تبدیلی کے دوران زائرین معمول کے مطابق طواف و عبادت میں مصروف رہے، جس سے ان کی عبادات میں کوئی خلل نہیں آیا۔


