واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اپنے زیر زمین ایٹمی تنصیبات میں موجود انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کو محفوظ کرنے کے لیے راستوں کو سیل کرکے بارودی سرنگیں نصب کر دی ہیں۔ سی این این کے مطابق، امریکی انٹیلی جنس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران نے حالیہ ہفتوں میں زیر زمین سرنگوں کو منہدم کرتے ہوئے داخلی راستوں پر بارودی سرنگیں نصب کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدامات ایران نے اپنے افزودہ یورینیم کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ان ذخائر تک رسائی اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل، خطرناک اور وقت طلب ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی برادری کا اندازہ ہے کہ اس ذخیرے کا بڑا حصہ وسطی ایران میں اصفہان جوہری تنصیب کی منہدم شدہ سرنگوں میں موجود ہے۔
مئی کے وسط میں امریکی فوج اس جوہری مواد پر قبضے کے لیے ایک آپریشن کی تیاری کر رہی تھی، تاہم اسے انتہائی خطرناک قرار دے کر مؤخر کر دیا گیا۔ بعد ازاں، ایران نے ان مقامات کو مزید مضبوط بنا دیا۔


