شِو پوری (لارڈ میڈیا): انڈیا کی مدھیہ پردیش ریاست کے علاقے شیوپوری میں ایک خاتون یوٹیوبر رچنا گجر کو سوشل میڈیا پر سونے کے زیورات کی نمائش مہنگی پڑ گئی جب چور ان کے گھر سے لاکھوں روپے کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیا لے اڑے۔
رپورٹس کے مطابق رچنا گجر، جو سوشل میڈیا پر تقریباً ایک لاکھ فالوورز رکھتی ہیں، نے حال ہی میں ایک وی لاگ شیئر کیا جس میں وہ زیورات پہنے ہوئے نظر آئیں۔ ویڈیو کے اپ لوڈ ہونے کے اگلے دن کچھ نامعلوم چور ان کے گھر میں گھس آئے اور وہی زیورات چرا لیے جو ویڈیو میں دکھائے گئے تھے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ چوروں نے تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کے زیورات کے ساتھ دیگر قیمتی سامان اور انرجی ڈرنکس کا کارٹن بھی چوری کر لیا۔ انہوں نے نوار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرا دی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جس میں چوروں کو کیمرے کا رخ تبدیل کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر اس بات پر بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا سوشل میڈیا پر قیمتی اشیا کی نمائش محفوظ ہے یا نہیں۔


