نیویارک (لارڈ میڈیا): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے موقع پر میٹا نے اپنی مختلف ایپس بشمول انسٹا گرام، فیس بک، واٹس ایپ، تھریڈز اور میسنجر میں فٹبال سے متعلق متعدد فیچرز متعارف کرائے ہیں۔ ان فیچرز میں لائیو اسکور، رئیل ٹائم چیٹ، فٹبال پر مبنی کمیونٹیز، تھیمز اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس پر مبنی ٹولز شامل ہیں۔
میٹا نے براڈ کاسٹرز، مختلف ممالک کی ٹیموں، کھلاڑیوں، کمنٹیٹرز اور کریٹیرز کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ صارفین کو ورلڈ کپ سے متعلق مواد تک رسائی فراہم کی جا سکے۔
تھریڈز میں فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے لائیو چیٹس متعارف کرائی جا رہی ہیں، جس کا مقصد فٹبال کے مداحوں کو رئیل ٹائم مباحثے کا حصہ بنانا ہے۔ اس پلیٹ فارم میں فٹبال کمیونٹی بھی شامل کی گئی ہے جہاں صارفین میچ کے دن بات چیت کر سکیں گے۔
انسٹا گرام میں ایک ورلڈ کپ ہب متعارف کرایا گیا ہے، جہاں ریلز، اسٹوریز، صارفین کا مواد اور پراڈ کاسٹر کوریج دستیاب ہوگی۔ فیس بک کے صارفین کے لیے ایک اسپیشل فٹبال موڈ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ میسنجر میں لائیو اپ ڈیٹس متعارف کرائی گئی ہیں۔
واٹس ایپ میں فٹبال ایموجی کو عارضی طور پر ایونٹ کی آفیشل میچ بال سے تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ فٹبال تھیم پر مبنی ویڈیو کال ایفیکٹس اور اسٹیکر پیکس بھی شامل کیے گئے ہیں۔


