بیروت (لارڈ میڈیا): حزب اللہ نے پورے لبنان میں مکمل جنگ بندی کی امریکی تجویز قبول کرلی ہے۔ واشنگٹن میں لبنانی سفارتخانہ نے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ نے جنگ بندی کو لبنان کے تمام علاقوں میں نافذ کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں اسرائیل کو بیروت کے جنوبی علاقوں پر حملوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لبنانی سفارتخانہ کے بیان کے مطابق، یہ اقدام دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مددگار ہوگا۔
حزب اللہ کے سینئر رکن پارلیمان حسن فضل اللہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت لبنان کے تمام علاقوں میں مکمل جنگ بندی کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے مقامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ مجوزہ جنگ بندی اسرائیلی افواج کے لبنان سے انخلا کی جانب پہلا اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب لبنانی صدارتی دفتر پہلے ہی حملوں کے باہمی خاتمے کی تجویز قبول کر چکا ہے جس کے تحت دونوں فریق کارروائیاں روکیں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق حزب اللہ کی جنگ بندی کی حمایت اور اسرائیل کے سخت مؤقف کے درمیان اختلاف آنے والے سفارتی مذاکرات کا اہم موضوع بن سکتا ہے۔


