قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی کو مائنس نہ ہونے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی شخصیت کو مائنس کرنے کا تجربہ بربادی کا باعث بنا ہے، بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کی ہر صورت میں مذمت اور مزاحمت کرنی ہے، بانی پی ٹی آئی کیساتھ ہمارا تعاون ایسے حالات میں ہوا ہے، جب وہ تکلیف میں تھے، عمران خان کیساتھ دوستی کا وعدہ کیا ہے، یہ اتحاد قائم ہے اور رہے گا۔
انکا کہنا تھا کہ میرا اور سینیٹر علامہ ناصر کا بانی پی ٹی آئی سے اسوقت تک اتحاد ہے جب تک وہ باعزت بری ہو کر نہیں آتے، ہم دونوں نے با رہا کہاکہ دوسروں کے بچے اور بچیوں کو مروانے کیلئے نہیں بیٹھے ہم مزاحمت کریں گے مگر کسی کی جان کا سودا نہیں کرینگے۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ سہیل آفریدی نے کسی جلسے کے اعلان سے قبل اپوزیشن سے رابطہ نہیں کیا، ہمیں پی ٹی آئی نے بتایا تھا، بانی کا حکم ہے بغیر این او سی کہیں جلسہ نہیں کرنا، اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس بلا لیا ہے، جلسے کے حوالے سے اتحاد کے قائدین مشاورت کرینگے۔


