سابق کرکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تعاون سے سندھ میں کرکٹ کے فروغ کی ذمہ داری اٹھالی ہے جس کے مطابق یونس خان صوبے میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے سندھ حکومت کی بھرپور معاونت اور مدد کرینگے، دیگر معروف سابق کرکٹرز بھی یونس خان کے ہمرکاب ہونگے۔
سابق ٹیسٹ کپتان نے وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر سے ملاقات میں صوبے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے اکیڈمیز قائم کرنے اور نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کیلئے مناسب کوچنگ کی تجاویز پیش کر دیں۔
سردار محمد بخش مہر نے دوران ملاقات سندھ میں کرکٹ کو تقویت دینے کیلئے یونس خان کے جذبے کو سراہتے ہوئے تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کی یقین دہانی کرا دی۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے تعاون سے سندھ کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس ضمن میں سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد، راشد لطیف اور معین خان سمیت دیگر معروف کرکٹرز سے بھی مشاورت اور معاونت حاصل کی جائیگی۔


