پاکستان نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کرتا ہے اور سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کرتا ہے، سعودی عرب میں ہوئے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں، اہم تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔
انکا کہنا تھا کہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں، اس سے خطے کے امن و استحکام کیلئے کشیدگی میں اضافہ ہوگا، پاکستان سعودی حکومت اور عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، سعودی عرب کی سلامتی کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز کے دھاوا بولنے کی مذمت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، مسجد اقصیٰ کی تاریخی و مذہبی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش مسترد کرتے ہیں، ہم عالمی برادری سے فوری اور موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ ہے، پاکستان فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھے گا۔


