بیجنگ (شِنہوا) ابھرتی ہوئی جدید ترین ٹیکنالوجیز صنعتی اطلاق کو تیز کر رہی ہیں جبکہ مستقبل کی صنعتوں کی ترقی نئے دور میں معیاری پیداواری قوتوں کے لئے ایک طاقتور محرک بن رہی ہے۔
مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے حکام اور ماہرین نے شِنہوا نیوز ایجنسی کے زیراہتمام آل میڈیا ٹاک شو چائنہ اکنامک راؤنڈ ٹیبل کی تازہ ترین قسط کے دوران اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
چائنیز اکیڈمی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فار ڈیویلپمنٹ کی پارٹی سیکرٹری لیو ڈونگ می نے کہا کہ حالیہ برسوں میں مختلف جدید ترین ٹیکنالوجیز نے تیز رفتار ترقی کا تجربہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت، کوانٹم انفارمیشن اور بائیو مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں چین ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں کچھ میدانوں میں قیادت حاصل ہے جبکہ دیگر میں عالمی سطح کے ساتھ ہم آہنگی برقرار ہے۔
لیو نے کہا کہ چین نے ایک نسبتاً پختہ ترقیاتی ماڈل تشکیل دیا ہے، جس میں بنیادی تحقیق میں پیش رفت، کلیدی ٹیکنالوجیز کا ذخیرہ، بڑے پیمانے پر صنعتی استعمال اور بین الاقوامی مسابقت میں بڑھتا ہوا کردار شامل ہے۔
لیو نے بتایا کہ چین کا مصنوعی ذہانت کا شعبہ عالمی سطح پر صف اول میں شامل ہے۔ انہوں نے وزارت صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2025 میں چینی اداروں کی جانب سے فراہم کردہ اوپن سورس لارج ماڈلز کے ڈاؤن لوڈز کی تعداد عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رہی۔
جے ڈی ڈاٹ کام کے ایک تحقیقی ادارے کے سربراہ لیو ہوئی نے کہا کہ سپلائی چین کی صلاحیتوں پر مبنی ایک ٹیکنالوجی اور سروس کمپنی کے طور پر نئی ٹیکنالوجیز کمپنی کی ترقی کے لئے بنیادی محرک قوت کا کام کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے 50 ہزار اندرونی ایجنٹس یا "ڈیجیٹل ہم کار” تعینات کئے ہیں۔
بیجنگ میونسپل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن اور ژونگ گوان کن سائنس پارک انتظامی کمیٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژائی تیان روئی نے کہا کہ 2025 میں بیجنگ میں ‘یونیکورن’ کمپنیوں کی تعداد 116 تک پہنچ گئی جو تعداد اور مالیت دونوں لحاظ سے چینی شہروں میں پہلے اور عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیجنگ کی یونیکورن کمپنیاں 11 صنعتوں پر محیط ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ہے۔


