ہومپاکستانحکومتی بچت اقدامات، سرکاری و خود مختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں...

حکومتی بچت اقدامات، سرکاری و خود مختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں سے 5سے 30فیصد تک کٹوتی کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے حکومتی بچت اقدامات کے تحت سرکاری و حکومتی سرپرستی میں خود مختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں سے 5سے 30فیصد تک کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں کے 60فیصد گرائونڈ کئے جانے کے فیصلے پر عملدرآمد کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے، تمام پاکستانی سفارتخانوں کو 23مارچ کی تقریبات انتہائی سادگی سے منانے کی ہدایت کی ہے۔

ہفتے کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں وفاقی وزراء عطا اللہ تارڑ، سینیٹر محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر اور حکومتی بچت اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کو حکومت کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی، ٹیلی کانفرنسنگ اور آن لائن میٹنگز کو ترجیح دینے کے فیصلے کے اطلاق پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ 2ماہ کیلئے وزرا، مشیران اور معاونِ خصوصی کی تنخواہوں کو بچت کے طور پر عوامی فلاح کیلئے استعمال کیا جائیگا، وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے بیرونی ملک دوروں پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

جاری اعلامئے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ کفایت شعاری احکامات و اقدامات پر عملدرآمد و نگرانی متعلقہ سیکرٹریز خود کر کے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جائزہ کمیٹی کو پیش کریں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کارپوریشنز اور دیگر اداروں میں حکومتی نمائندے بورڈ اجلاس میں شرکت کی فیس نہیں لیں گے، اس فیس کو بچت کی رقم میں شامل کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی بچت اقدامات کے تحت سرکاری و حکومتی سرپرستی میں خود مختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں سے 5سے 30فیصد تک کٹوتی کی جائے گی، اسی طرح قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور ایف بی آر پر ہفتہ وار 4دن کام کا اطلاق نہیں ہوگا، ان اداروں کے ملازمین اپنے پرانے طریقہ کار کے مطابق فرائض سرانجام دیں گے۔

اعلامئے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ دو ماہ تک تمام محکموں کی سرکاری گاڑیوں کو ملنے والے تیل میں 50فیصد کٹوتی ہوگی جبکہ سرکاری گاڑیوں کے 60فیصد گرائونڈ کئے جانے کے فیصلے پر عملدرآمد کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے گا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو 23مارچ کی تقریبات بھی انتہائی سادگی سے منانے کی ہدایت کی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں