برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ کا سفر کرنیوالے 85 ممالک کے شہریوں کو اپنی آمد سے پہلے الیکٹرانک اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا ورنہ انہیں سفر سے روک دیا جائیگا۔
الیکٹرانک اجازت نامہ سکیم کے تحت وہ تمام افراد جو ویزا کے بغیر داخل ہو سکتے ہیں، انہیں 16 پائونڈ آن لائن ادا کرکے اجازت نامہ حاصل کرنا پڑیگا، یہ سکیم پہلی مرتبہ 2023 میں متعارف کرائی گئی تھی، گزشتہ برس اپریل میں یہ پابندیاں صرف یورپی یونین کے ممالک کے شہریوں کیلئے تھیں تاہم اس پر سختی سے عمل نہیں کیا گیا، آج سے لازمی ہوگا کہ برطانیہ کا دورہ کرنیوالے افراد کے پاس الیکٹرانک اجازت نامہ، ای ویزا یا دیگر درست دستاویزات موجود ہوں، دوسری صورت میں ایئر لائنز پابند ہونگی کہ انہیں جہاز پر سوار ہونے سے روک دیں۔
برطانوی اور آئرلینڈ کے شہری یا دوہری شہریت رکھنے والے اور وہ افراد جو برطانیہ میں رہنے کا اجازت نامہ رکھتے ہیں، ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہونگے۔


