جمعرات, جنوری 23, 2025
ہومLatestتوشہ خانہ 2ریفرنس ،عمران ،بشری کی بریت درخواستوں پر ایف آئی اے...

توشہ خانہ 2ریفرنس ،عمران ،بشری کی بریت درخواستوں پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشری بی بی کی توشہ خانہ 2ریفرنس میں بریت درخواستوں پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے توشہ خانہ 2ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت درخواستوں پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے ٹرائل پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعاء کی۔

جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کہا کہ کریمنل کارروائی کو اس موقع پر اسٹے کرنے کی کوئی عدالتی نظیر موجود نہیں ۔بیرسٹر سلمان صفدر نے مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کا کیس ہے تحفہ وصول کیا ،تخمینہ کیلئے دیا، ضمانت کی 2درخواستوں کے احکامات بھی لگے ہوئے ہیں، ٹرائل کورٹ کو کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں فردجرم عائد ہوچکی ہے، گواہان کے بیانات ہورہے ہیں، نوٹس جاری کرکے دیگر فریقین سے بھی جواب مانگ لیتے ہیں، لمبی تاریخ نہیں دیں۔

اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ اس کا مطلب آج یہاں سے کچھ لے کر نہیں جا رہا۔ عدالت نے کہا آپ یہاں بریت کیلئے آئے ہیں، ٹرائل کورٹ کو کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کرسکتے ہیں۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ٹرائل بہت تیزی سے چل رہاہے جب بلائیں گے ہم پیش ہوں گے، 3 بار ٹرائل کورٹ بلا سکتی ہے تو یہاں میرا حق ہے،روزانہ سماعت بھی ہوسکتی ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے پھر استدعاء کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلے سے روکاجائے اور کیس کسی دوسرے بینچ کو بھیج دیا جائے۔انہوں نے کہ کہ اس سے قبل جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب  اس کیس سے متعلق 5درخواستیں سن چکے ہیں، مناسب ہو گا یہ عدالت بریت درخواستیں بھی اسی عدالت میں واپس بھیج دے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ وہ ضمانت کی درخواستیں تھیں یہ الگ معاملہ ہے۔ یہ عدالت کیس سنے گی آپ کیس کے میرٹس پر دلائل دیں۔ بعد ازاں عدالت نے بریت درخواستوں پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28جنوری تک ملتوی کردی۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!