لاہور (لارڈ میڈیا): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج رات ملک گیر ہڑتال کا اعلان کریں گے اور اپوزیشن جماعتوں سے بھی دھرنوں میں شرکت کی درخواست کی ہے۔ لاہور کے چیئرنگ کراس پر جاری جماعت اسلامی کے دھرنے کے 12ویں روز حافظ نعیم نے حکومت پر سخت تنقید کی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے پیٹرول پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ ان کا دھرنا عام لوگوں اور 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود پاکستان میں قیمتیں بڑھا رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ دھرنے مختلف شہروں تک پھیل چکے ہیں اور کل فیصل آباد میں جلسہ عام ہوگا جبکہ 30 اگست کو راولپنڈی اور 31 اگست کو پشاور میں جلسے ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پر زور دیا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے اور آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ لانگ مارچ کا آپشن بھی موجود ہے۔


