اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے قطر کو پاکستانی مواصلاتی نظام میں شراکت کی پیشکش کی ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے قطر کے پرنس شیخ نائف بن عید آل ثانی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے دوران پاک قطر مضبوط مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ شاہراہوں کی تعمیر و توسیع کے لئے ‘جوائنٹ وینچرز’ ہو سکتے ہیں اور قطر سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں قطر خاص اہمیت رکھتا ہے اور اس کا فعال کردار لائق تحسین ہے۔ قطر میں ہزاروں اوورسیز پاکستانی تعلیم اور روزگار سے وابستہ ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک، ایران امن کاوشوں میں قطر کی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ شیخ نائف بن عید آل ثانی نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سے مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔


