اسلام آباد (لارڈ میڈیا) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے سابق بھارتی سی ڈی ایف کے کیرانہ پہاڑوں سے متعلق دعوے کو مسترد کردیا ہے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں طاہر اندرابی نے کہا کہ تاریخ حقائق سے بنتی ہے، بالی ووڈ انداز کے بیانیے سے نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ آر ایس ایس ہمیشہ پاکستان مخالف اقدامات میں ملوث رہی ہے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے میں ملوث ہے۔ آر ایس ایس سربراہ کے دورہ امریکا پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا، یہ بھارت اور امریکا کا باہمی معاملہ ہے۔
طاہر اندرابی نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر توڑ پھوڑ پر ویانا کنونشن کے تحت احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں تجاوزات کے خلاف کارروائی سے تمام ممالک کو آگاہ کیا گیا تھا، اس کا نئی دہلی کی کارروائی سے تعلق نہیں۔
ترجمان نے اعلان کیا کہ پاکستان 2027 میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ 31 اگست کو بشکیک میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف شرکت کریں گے اور دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ شام کے وزیر خارجہ نے 19 برس بعد پاکستان کا دورہ کیا، اور پاکستان شام کی آزادی اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔ 22 اگست کو 11 مسلم ممالک نے شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔


