نیویارک (لارڈ میڈیا) فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں پیش آنے والی جھڑپوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر دس میچز کی پابندی اور 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے ناہوئل مولینا کو سات میچز کے لیے معطل کیا ہے اور ان پر بھی 90 ہزار ڈالر جرمانہ لگایا ہے۔ کمیٹی کے مطابق اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے اختتام پر جھڑپیں ہوئیں، جن کی تحقیقات کے بعد یہ سزائیں سنائی گئیں۔
اس کے علاوہ تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا کو ایک، ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو تین میچز کے لیے معطل کرتے ہوئے 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر مختلف خلاف ورزیوں کے باعث مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ اے ایف اے کو غیر اسپورٹس مین رویے، ٹیم کی بدسلوکی، شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور سکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔
ارجنٹائن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے آئندہ دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلے، تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی معطل کردی گئی ہے۔ فیفا نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ جرمانے میں سے ایک لاکھ ڈالر امتیازی سلوک کے خاتمے کے اقدامات پر خرچ کیے جائیں۔
یہ تمام کارروائی ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ فریقین کو فیصلے کی تفصیلی وجوہات حاصل کرنے اور اپیل دائر کرنے کے لیے دس دن کا وقت دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 19 جولائی کو کھیلے گئے اس فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو ایک صفر سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔


