راولاکوٹ (لارڈ میڈیا): پاک فوج نے راولاکوٹ میں ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد آزاد کشمیر کی مقامی آبادی کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
آزاد جموں و کشمیر میں پاک فوج عوامی فلاح و بہبود میں پیش پیش ہے اور اسی سلسلے میں راولاکوٹ کے بلدیہ چوک پر یہ فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ میں پاک فوج کے ماہر طبی عملے نے شہریوں کو طبی معائنے اور ادویات کی سہولیات فراہم کیں۔
فری میڈیکل کیمپ میں ماہر طبی عملے نے خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت 80 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا اور مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔
موجودہ صورتحال کے تناظر میں شہریوں نے پاک فوج کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت اور مفت طبی سہولیات کو خوش آئند قرار دیا۔ راولاکوٹ کے شہریوں نے پاک فوج کے اس اقدام کو بھرپور سراہا۔


