کراچی (لارڈ میڈیا) سندھ حکومت نے پبلک سروس گاڑیوں کے لئے ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ متعدد گاڑیاں بغیر درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ چل رہی ہیں جبکہ بعض گاڑیوں میں آگ بجھانے کے آلات بھی موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت خطرے میں ہے، اس لئے پبلک سروس گاڑیوں میں فعال فائر ایکسٹنگوشر لازمی قرار دیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ تمام پبلک سروس گاڑیوں کے ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹس کی تصدیق کی جائے گی اور دستی روٹ پرمٹس منسوخ کیے جائیں گے۔ ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں پر کارروائی ہوگی۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ خلاف ورزیوں کی جامع فہرست ہر دو ہفتے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کو دی جائے گی، جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والے آپریٹرز کے نام بلیک لسٹ کیے جائیں گے۔ انہوں نے موٹر وہیکل انسپکٹرز کو اچانک معائنے اور کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی پر جرمانے، روٹ پرمٹ معطلی اور لائسنس منسوخی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی ہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور موٹر وہیکل انسپیکشن ونگ افسران ہر دو ہفتے بعد کارروائیوں کی رپورٹ جمع کروائیں۔


