کراچی (لارڈ میڈیا) نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ایک کال سینٹر پر کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکیوں سے فراڈ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان نے خود کو غیر ملکی بینکوں کے افسران ظاہر کرکے شہریوں سے رقوم بٹوری تھیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ ملزمان غیر ملکی شہریوں کی ذاتی اور مالی معلومات حاصل کرکے انہیں فراڈ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران کال سینٹر سے مبینہ فراڈ میں استعمال ہونے والے متعدد لیپ ٹاپس اور موبائل فونز برآمد کرلیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے نے کال سینٹر کے مالکان محمد لائق اور محمد فاضل سمیت ایجنٹس کو گرفتار کیا ہے اور واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔


