کراچی (لارڈ میڈیا): سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق وفاقی وزیر فاروق ستار نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے عوامی مسائل حل ہوں گے۔ کراچی میں گورننس پر نظر ثانی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے تجویز دی کہ اضلاع میں آبادی کے لحاظ سے مالی تقسیم کی جائے کیونکہ صوبائی حکومتوں کا نظام بگڑ چکا ہے۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کا قیام اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ضروری ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو نیشنل ایجنڈا بنانے کی تجویز دی اور کہا کہ دنیا بھر میں میئر زیادہ اختیارات رکھتا ہے، جبکہ یہاں میئرز کے پاس پاور نہیں ہوتی۔
ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے عوامی ریفرنڈم کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے مسائل حل ہوں گے اور صوبوں کے جغرافیہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے حکمرانی میں احتساب کا نظام مضبوط ہوگا۔


