واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی سی) نے گرفتاریوں اور ہجوم پر قابو پانے کے لیے 6 ہزار جوڑے برقی دستانے خریدنے کا 16.7 ملین ڈالر کا معاہدہ منظور کیا ہے۔ یہ معاہدہ کینٹکی کی کمپنی Compliant Technologies LLC کو دیا گیا ہے۔
معاہدے میں دستانوں کی فراہمی کے علاوہ متعلقہ آلات اور تکنیکی معاونت بھی شامل ہیں، جبکہ خریداری کا عمل چھ ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ یہ دستانے عام حفاظتی دستانوں کی طرح استعمال ہو سکتے ہیں لیکن ان میں برقی جھٹکا دینے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
ڈیموکریٹ سینیٹرز نے اس خریداری پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ سینیٹر کیتھرین کورٹیز ماسٹو کی قیادت میں 16 سینیٹرز نے معاہدے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دستانوں کے استعمال کے حالات، ممکنہ طبی خطرات اور تربیت کے بارے میں وضاحت ضروری ہے۔
شہری حقوق کے کارکنوں نے بھی تشویش ظاہر کی ہے کہ ان دستانوں کا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے ہی امیگریشن کے عمل میں طاقت کے استعمال پر سوالات اٹھتے رہے ہیں، لہذا نئے آلات کی شمولیت مزید نگرانی کی متقاضی ہے۔
امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کا کہنا ہے کہ دستانے باقاعدہ پالیسی، تربیت اور جوابدہی کے ضابطوں کے بغیر استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ اہلکاروں کو عملی استعمال سے پہلے ہدایات اور تربیت دی جائے گی۔


