اسلام آباد (لارڈ میڈیا): بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پمز اسپتال میں طبی معائنے کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب پمز اسپتال لایا گیا جہاں شفا انٹرنیشنل اسپتال کے دو ماہرین نے ان کے آنکھوں کے معائنے میں حصہ لیا۔
پمز اسپتال نے کہا ہے کہ عمران خان کے دیگر طبی معائنے پمز کے متعلقہ ماہرین نے کیے۔ امراض چشم کے معائنے سے حاصل ہونے والی رائے کو دیگر طبی تحقیقات کے نتائج کے ساتھ مدنظر رکھا گیا اور طبی فٹنس رپورٹ کو حتمی شکل دی گئی۔
پمز اسپتال نے مریض کی رازداری کے پیش نظر اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق طبی رپورٹ کے کانفیڈینشل مندرجات ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تین روز قبل سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ عمران خان کا مکمل طبی معائنہ شفا انٹرنیشنل اسپتال میں کرایا جائے، تاہم حکومت نے انہیں پمز اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کا معائنہ کیا اور دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سکیورٹی کے مسائل کے باعث عمران خان کو پمز اسپتال لے جایا گیا۔


