لاہور (لارڈ میڈیا) گردے انسانی جسم کے اہم اعضا ہیں جو خون سے فاضل مادے خارج کرتے ہیں۔ گردوں کی بیماری بعض اوقات خاموشی سے بڑھتی ہے، اس لیے جسم میں غیر معمولی تبدیلیوں پر توجہ دینا ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق پیشاب میں تبدیلی، جسم میں سوجن، مسلسل تھکن یا کمر میں درد جیسی علامات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ پیشاب میں واضح تبدیلی، مثلاً خون کا آنا یا رنگ میں فرق گردوں کے مسائل کی نشاندہی کرسکتاہے۔ اسی طرح بلاوجہ کمزوری اور مسلسل تھکن بھی اہم علامات ہیں۔
کمر کے نچلے حصے میں درد گردے کی پتھری یا انفیکشن کی علامت ہوسکتی ہے۔ گردوں کی کارکردگی متاثر ہونے سے جسم میں سوجن پیدا ہوسکتی ہے۔ جلد میں خشکی اور خارش بھی گردوں کی کمزور کارکردگی سے منسلک ہوسکتی ہے۔ گردوں کی خرابی خون کی کمی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
گردوں کی بیماری کے خطرات سے بچنے کے لیے متوازن غذا، نمک کا کم استعمال، پانی کی مناسب مقدار، جسمانی سرگرمی اور تمباکو نوشی سے پرہیز ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق کسی مخصوص غذا یا جوس کو علاج سمجھنا درست نہیں، اور علامات کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔


