اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے یہ دعوت ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران دی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ناروے کے تعاون کو سراہا اور تجارتی تعلقات بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے فلسطین کے معاملے پر ناروے کے مؤقف کی تعریف کی اور خلیجی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے پاکستان میں مقیم نارویجن کمیونٹی کے کردار اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم، وزیر تجارت، وزیر موسمیاتی تبدیلی اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔


