تہران (ویب ڈیسک): ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمائی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول ہے اور امریکی اعلانات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر نقل و حرکت پر ان کی نظر ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، علی عظمائی نے کہا کہ ایران کی واضح اجازت کے بغیر کوئی جہاز آبنائے ہرمز سے نہیں گزر سکتا جبکہ امریکی حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ آبی گزرگاہ بحری آمدورفت کے لیے کھلی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ایران کے خلاف مجوزہ زمینی کارروائی کو ابتدا میں ناکام بنا دیا گیا تھا۔
ابراہیم عزیزی کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس وقت تک نہیں بخشا جائے گا جب تک اسے مکمل شکست نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں امریکا ایران کے خلاف کوئی مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔


