کراچی (لارڈ میڈیا) : آل گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ ملک گیر ہڑتال آج تیسرے روز بھی جاری ہے اور مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومتی وفد کے ساتھ 3 سے 4 گھنٹے مذاکرات ہوئے، مگر ڈیڈلاک برقرار ہے۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا فیصلہ واپس لیا جائے اور حکومت خود قیمتوں کا اعلان کرے۔ حکومتی وفد نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، مگر مطالبات پر حتمی پیش رفت نہیں ہوئی۔
ٹرانسپورٹرز نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری اور متعلقہ نوٹیفکیشن جاری ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت ماہانہ بنیاد پر مقرر کی جائے، یکم جون 2024 کے ٹول ٹیکس نرخ بحال کیے جائیں اور نئے ٹول پلازے آئندہ ایک سال تک نہ بنائے جائیں۔
مزید مطالبات میں گڈز ٹرانسپورٹرز پر عائد 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کو 2 فیصد کرنے اور ملک بھر میں ایکسل لوڈ قوانین کا یکساں نفاذ شامل ہے۔ اوورلوڈنگ کی روک تھام سورس پوائنٹس سے کی جائے اور کسٹمز قانون واپس لیا جائے۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پرامن ہے اور حکومت کو مطالبات تسلیم کرکے نظام بحال کرنا چاہیے۔


