اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اتوار کو جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم مرحوم کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ امیر العظیم ان کے دیرینہ دوست اور عزیز بھائی تھے، جن کے انتقال کی خبر سن کر انہیں دلی صدمہ پہنچا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ مرحوم مخلص اور بااصول انسان تھے، جنہوں نے اپنی سیاسی، سماجی اور قومی خدمات کے ذریعے معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت کے ساتھ یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ بعد ازاں محمد حنیف عباسی نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے بھی ملاقات کی اور مرحوم امیر العظیم کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔


