ملتان (لارڈ میڈیا): پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے نیشنل چیمپئنز کپ کے تمام میچز میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کے ساتوں میچز ڈے نائٹ ہوں گے اور دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے۔
نیشنل چیمپئنز کپ میں چار ٹیمیں شامل ہوں گی: پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ۔ ٹورنامنٹ سنگل لیگ راؤنڈ رابن کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اور دو بہترین ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان گولڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے، پاکستان گرینز کی کپتانی شاداب خان کے پاس ہوگی، پاکستان وائٹس کی قیادت صائم ایوب کریں گے جبکہ پاکستان بلوز کے کپتان صاحبزادہ فرحان ہوں گے۔
پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے لیے 44 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز اور 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 2026-27 کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز بھی ہوگا اور 2027 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔


