ہومتازہ ترینغیر ملکی صحافیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ ہوگی، امریکہ

غیر ملکی صحافیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ ہوگی، امریکہ

واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا میں کام کے لیے ویزا حاصل کرنے کے خواہش مند غیر ملکی صحافیوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی جانچ کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ اس پالیسی کے تحت صحافیوں سمیت ویزا درخواست گزاروں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پبلک رکھنے ہوں گے تاکہ حکام ان کا جائزہ لے سکیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اس پالیسی کو پہلے سے نافذ سوشل میڈیا اسکریننگ پروگرام کا حصہ بنایا ہے، جس کا مقصد امریکا آنے والے افراد کی جانچ کرنا ہے۔ اس میں کینیڈا اور میکسیکو سے مخصوص ورک ویزا پر آنے والے افراد بھی شامل ہوں گے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ آن لائن پریزنس ویٹنگ ویزا درخواست گزاروں کی اہلیت جانچنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویزا افسران درخواستوں کا جائزہ لینے، فراڈ کی روک تھام اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔

اس پالیسی کے مطابق، امریکا میں داخلے کے خواہش مند ہر غیر ملکی کی زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد تک جانچ کی جاتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ امریکی قوانین کا احترام کرے گا اور امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بنے گا۔

رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ پالیسی کب سے نافذ ہوگی، تاہم اسے ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے غیر ملکی صحافیوں، طلبہ اور دیگر ویزا ہولڈرز کے قیام کی مدت سے متعلق قوانین مزید سخت کیے تھے۔

ٹرمپ نے جنوری 2025 میں اپنے دوسرے صدارتی دور کے آغاز پر آن لائن سرگرمیوں کو امیگریشن اور ویزا فیصلوں کا اہم حصہ بنایا تھا، جس پر شہری آزادیوں کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں