کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی کے علاقے قیوم آباد میں 18 ماہ کی بچی کے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کے افسوسناک واقعے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ فریحہ الطاف، عدنان صدیقی، ثنا بلوچ سمیت کئی معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر دکھ کا اظہار کیا اور بچوں کے تحفظ پر زور دیا۔
اداکارہ اور میزبان فریحہ الطاف نے والدین کو خبردار کیا کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے اکثر واقعات ایسے افراد کرتے ہیں جن پر خاندان اعتماد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کی شکایات پر یقین کریں کیونکہ بچے جھوٹ نہیں بولتے۔
عدنان صدیقی نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ 18 ماہ کی بچی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے اور ملزم کی عمر جرم کی سنگینی کو کم نہیں کرتی۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے بلا امتیاز انصاف کا مطالبہ کیا۔
اداکارہ عائشہ عمر نے معاشرتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اجتماعی طور پر خود سے سوال کرنا ہوگا کہ ہم کس سمت جا رہے ہیں۔
اس واقعے پر ایمن خان، مریم نفیس، احسن خان، صرحا اصغر، ژالے سرحدی اور دیگر شوبز شخصیات نے بھی غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ مریم نفیس نے والدین کو خبردار کیا کہ اپنے بچوں کو اکیلا نہ چھوڑیں۔
ملک بھر میں اس افسوسناک واقعے کے بعد شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ہزاروں شہریوں کے ساتھ شوبز شخصیات بھی مطالبہ کر رہی ہیں کہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور بچوں کو جنسی تشدد سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔


